وزیراعظم نوازشریف 5 روزہ دورے پرچین روانہ ہوگئے

اسلام آ باد: وزیراعظم نوازشریف 5 روزہ دورے پر چین روانہ ہوگئے، وزیراعظم کو دورہ چین کی خصوصی دعوت ان کے چینی ہم منصب لی کی چیانگ نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران دی تھی۔ وزیراعظم نوازشریف کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال اور دیگر حکام شامل ہیں، وزیراعظم اپنے دورہ چین کے موقع پر چینی قیادت سے اقتصادی تعاون، پاک چین تجارت، توانائی بحران، اسٹریٹیجک تعاون، ٹیکسٹائل،انجینئرنگ، انفرااسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پربات چیت کریں گے۔ دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں سول نیوکلیئرٹیکنالوجی میں تعاون کی فراہمی پر بات چیت کے علاوہ وچینی کمپنیوں کوکوئلے اور شمسی توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب بھی دیں گے، کراچی سے پشاورتک ہائی اسپیڈ ٹرین چلانے اورانڈورگراؤنڈ میٹروسسٹم پربھی بات چیت ہوگی، وزیراعظم نوازشریف چین کے مالیاتی اداروں، کارپوریٹ شعبے کے حکام سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ مختلف صنعتوں اورخصوصی اقتصادی زونزکا دورہ بھی کریں گے، وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ چین کے دوران لازوال دوستی کے رشتوں کو موٴثر اسٹریٹیجک تعاون میں ڈھالنے کے لیے اہم معاہدوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔ واضح رہے کہ چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی تھی، پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 12 ارب ڈالرز ہے جبکہ چین نے پاکستان میں 2 ارب ڈالرزکی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔

تبصرے بند ہیں.