کراچی: شہر قائد کے حلقہ این اے 240 میں پولنگ کے دوران لانڈھی میں سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم ہوا ہے جس کے سبب متعدد کارکنان زخمی اور ایک جاں بحق ہوگیا جبکہ مصطفی کمال اور سعد رضوی کی گاڑیوں پر فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔ تصادم لانڈھی نمبر چھ میں ہوا جہاں ایک سیاسی جماعت کے انتخابی کیمپ اکھاڑے گئے، کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا، ہاتھا پائی ہوئی اور ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا جس کے سبب متعدد لوگ زخمی ہوگئے۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے سبب علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور بازار بند ہوگئے۔ہنگامہ آرائی کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی، پولیس کی ریپڈ رسپانس فورس کے کمانڈوز کی نفری علاقے میں پہنچ گئی اور جھگڑے پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردیں۔ تصادم کے بعد رینجرز نے علاقے میں گشت شروع کردیا جب کہ سیاسی جماعتوں کے کارکنان مختلف پوائنٹس پر جمع ہوگئے۔ ایس پی لانڈھی نے کہا ہے کہ ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کی کوششیں کررہے ہیں، موقع سے کچھ افراد کو حراست میں لیا ہے۔تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں لانڈھی پولنگ اسٹیشن نمبر 21 کا عملہ بھاگ گیا، نامعلوم افراد نے بیلٹ پیپرز توڑ دیے۔ لانڈھی میں اس وقت بھی وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے۔ہنگامہ آرائی میں زخمی والے افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی۔ ڈائریکٹر جناح اسپتال شاہد رسول نے کہا کہ لانڈھی کے مختلف علاقوں سے اب تک چار زخمیوں کو لایا جاچکا ہے، ہلاک ہونے والے شخص اور چاروں زخمیوں کو گولیاں لگی ہیں۔تصادم کے بعد ایم کیو ایم، پاک سرزمین پارٹی اور تحریک لبیک کی جانب سے ایک دوسرے پر جھگڑا، تشدد اور فائرنگ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.