کل تک گورنر خود یا کسی نمائندے کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لیں: لاہور ہائیکورٹ

لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز سے حلف لینے کیلئے گورنر پنجاب کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کل تک وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کیلئے اقدامات کریں، گورنر پنجاب خود یا کسی نمائندے کے ذریعے حلف لیں۔ عدالت نے درخواست نمٹا دی۔نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی درخواست پر فیصلہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیربھٹی نے سنایا۔ مختصر فیصلے میں کہا گیا کہ گورنر پنجاب 28 اپریل تک حلف کی کارروائی مکمل کرائیں، گورنر پنجاب حلف نہیں لیتے تو کسی اور کو نامزد کریں، عدالت نے فیصلے کی کاپیاں صدر مملکت عارف علوی اور گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ارسال کرنے کا حکم دے دیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ 25 روز سے صوبہ وزیراعلیٰ کے بغیر چل رہا ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں بلا جواز تاخیر کی گئی، حلف میں تاخیر آئین کیخلاف ہے، آئین کی کوئی شق یہ نہیں کہتی کہ حلف لینے میں تاخیر کی جائے، حلف میں تاخیر سے متعلق قانون میں کوئی گنجائش نہیں، جب سے عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور ہوا اس دن سے صوبہ غیر فعال ہے، نومنتخب وزیراعلیٰ کے حلف میں بار بار تاخیر کی جا رہی ہے، حلف میں تاخیر جمہوریت اور آئین کی اصل روح کیخلاف ہے۔

تبصرے بند ہیں.