اسٹاک مارکیٹ کی مایوس کن کارکردگی، 9 پوائنٹس گرگئے

کراچی: کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی کاروباری صورتحال مایوس کن رہی اور اتارچڑھاؤ کے باعث ملے جلے کیفیت سے دوچار رہی تاہم آل شیئرزاور کے ایم آئی 30 انڈیکس میں اضافے سے 45.78 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی18 ارب81 کروڑ94 لاکھ 36 ہزار680 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ قرضوں کے لیے آئی ایم ایف کی سخت شرائط، معیشت کی ناگفتہ بہ صورتحال اوربجٹ پر تحفظات کی وجہ سے مارکیٹ میں غیریقینی رحجان برقرار رہا جسکی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں محدود اورسست رفتار رہیں، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر157.09 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 21100 کی حد بحال ہوگئی تھی جبکہ ایک موقع پر161 پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی21000 کی نفسیاتی حد بھی گرگئی تھی تاہم بعض شعبوں کی جانب سے محدود پیمانے پر خریداری سرگرمیوں نے مندی کی شدت کو کم کیا۔ ٹریڈنگ کے دوران بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 48 لاکھ 6 ہزار666 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ غیرملکیوں کی جانب سے 33 لاکھ 8 ہزار 58 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے10 لاکھ 95 ہزار 84 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے4 لاکھ 3 ہزار 524 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.