اگر امرا ٹیکس نہیں دیں گے تو پھر ملک کیسے چلے گا، شہباز شریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر امرا ٹیکس نہیں دیں گے تو پھر ملک کیسے چلے گا۔ لاہور ائیر پورٹ پر طلبہ و طالبات کے وفد کے یورپ روانگی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ 5مرلہ ہاؤسنگ اسکیم پر ٹیکس صرف اے کیٹگری میں پوش علاقوں پر لگایا گیا ہے، اس کی وجہ سے مجھے بھی اپنے گھر کا 15 لاکھ روپے ٹیکس ادا کرنا پڑے گا، ہم بڑے بڑے محل تو بنالیتے ہیں لیکن ٹیکس نہیں دیتے، اگر امرا ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک کیسے چلے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے مسلم لیگ (ن) نے اپنے منشور میں 3 سال کا وقت دے رکھا ہے جبکہ آصف زرداری بار بار مہربانی کر کے مجھے میرے وعدے یاد دلاتے رہے جس کے لئے میں ان کا مشکور ہوں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے، ہم وفاقی حکومت سے مل کر لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں ، ابھی ہماری حکومت کو آئے 30 دن ہوئے ہیں جن میں سے 17 دن ہم نے مسلسل توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو ہم دنیا میں کشکول لے کر گھوم رہے ہیں اور دوسری طرف نندی پور جیسا منصوبہ زیر التوا ہے، اس منصوبے کو 22 ارب روپے میں مکمل ہونا تھا لیکن اب اس کی لاگت 57 ارب روپے ہو چکی ہے، قوم کا اربوں روپے ضائع ہونے کا ذمہ دار کون ہے، ان کا کہنا تھا کہ چینی کمپنی سے نندی پور کے معاملات طے پا گئے ہیں اور جلد 300 چینی انجینئر منصوبے پر کام کے لئے پاکستان آجائیں گے جس سے 425 میگا واٹ بجلی مہیا ہو گی۔

تبصرے بند ہیں.