زمبابوین ٹیم کو 5 روز کی قید تنہائی سہنا پڑے گی

پی سی بی نے کورونا ایس او پیز کی ابتدائی تفصیلات زمبابوے کرکٹ کو بھجوا دیں

ملتان(سپو ر ٹس ڈیسک) پاکستان نے بائیو سیکیورٹی کا پلان زمبابوے کرکٹ کو ارسال کردیا گیا تاہم مہمان اسکواڈ کو 5 روز کی قید تنہائی سہنا پڑے گی۔ملتان میں 3 ون ڈے اور راولپنڈی میں اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کیلیے زمبابوین کرکٹ ٹیم کو آئندہ ماہ پاکستان آنا ہے، دونوں ملکوں کے بورڈ میں بات چیت حتمی مراحل میں داخل ہو چکی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے کورونا ایس او پیز کی ابتدائی تفصیلات زمبابوے کرکٹ کو بھجوا دیں، ان میں کھلاڑیوں،معاون اسٹاف اور متعلقہ لوگوں کی صحت کو اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔دونوں ٹیموں کو یکساں ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا، بائیو سیکیورببل بناتے ہوئے انٹرنیشنل معیارات کو سامنے رکھا جائے گا، اس ضمن میں پی سی بی نے انگلش بورڈ کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھایا ہے،ضرورت پڑنے پر مزید مشاورت بھی کی جائے گی۔مہمان ٹیم کوپاکستان پہنچنے کے بعد کم از کم 5 روز کا قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا، پاکستان آمد سے قبل زمبابوے اسکواڈ میں شامل ہر افرادکاایک کورونا ٹیسٹ منفی آنا لازمی ہے، دوسرا یہاں آنے کے بعد ہوگا، اگر کسی فرد کا ٹیسٹ مثبت آیا تو اسے فوری طور پر آئسولیٹ کرتے ہوئے 2 رپورٹس منفی آنے کے بعد ہی دوبارہ اسکواڈ کو جوائن کرنے کی اجازت ہوگی۔پی سی بی زمبابوے کرکٹ کی جانب سے تحریری جواب کا منتظر ہے جس کے موصول ہوتے ہی شیڈول جاری کردیا جائے گا، زمبابوین بورڈ نے اپنی حکومت کو اجازت کیلیے خط لکھ دیا، قوی امکان ہے کہ مثبت جواب موصول ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.