مقبوضہ غزہ (مانیٹر نگ ڈیسک)اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے کہا ہے کہ عرب ممالک کی عوام نے حکمرانوں کی اسرائیل دوستی کی مہم کو مسترد کر دیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ جن عرب ملکوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے ان کی عوام کی بھاری اکثریت اسرائیل دوستی کے خلاف ہے۔ انہوں نے عرب ممالک کے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی مخالفت پر مبنی اپنی عوام کی رائے کا احترام کریں۔حماس کے ترجمان نے کہا کہ عرب ممالک میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے خلاف نکالے جانے والے جلوس اور احتجاجی مظاہرے عرب حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ عرب ممالک کی عوام نے اپنے حکمرانوں کے ذاتی مفادات کی خاطر اسرائیل کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کے حکمران اپنے عوام کے ضمیر کی آواز سنیں اور صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات کے قیام کی مہم ترک کریں۔
تبصرے بند ہیں.