ہرارے (سپو ر ٹس ڈیسک) زمبابوین کرکٹ بورڈ نے اکتوبر میں دورہ پاکستان میں محدود اوورز کی سیریز کیلئے 25رکنی ٹریننگ سکواڈ کا اعلان کردیا۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا سلسلہ سکیور ماحول میں منگل سے ہرارے میں ہوگا۔ زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین تاوینگوا مکھولانی نے کہا کہ توقعات کے مطابق مقابلوں کیلئے پاکستان کا رخ کریں گے اور کھلاڑیوں کو ایک مرتبہ پھر انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنے کو ملے گی جس سے وہ کورونا وائر س کے باعث چند ماہ تک محروم رہے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز20اکتوبر سے شروع ہوگی اور تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز ملتان میں ہوگی جبکہ تینوں ٹی ٹونٹی کی میزبانی راولپنڈی کو سونپی گئی ہے۔ پی سی بی نے مقابلوں کو یقینی بنانے کی خاطر ذاکر خان کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جبکہ مقابلوں سے قبل کھلاڑیوں کیلئے بائیو سکیور ببل بھی بنایا جائے گا، پی سی بی نے سیریز کیلئے ایس او پیز کو حتمی شکل نہیں دی ہے تاہم کوویڈ 19کے حوالے سے تمام پروٹوکولز کو ڈاکٹر سہیل احمد دیکھیں گے۔ زمبابوین ٹیم کو دورے پر آمد کے بعد چند روز قرنطینہ میں ٹھہرنا ہوگا۔ اس دوران مہمان کھلاڑیوں کو ٹریننگ کا موقع مل سکے گا۔ تمام میچز خالی سٹیڈیم اور بند دروازے میں ہوں گے۔
تبصرے بند ہیں.