لاہور( شوبزڈیسک )سینئر اداکاروںنے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے فلم انڈسٹری کی بحالی کے سلسلے میں روڈ میپ پیش کرنے کے بیان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت ماضی کی روایت کے برعکس اس جانب عملی پیشرفت کرے گی ۔ سینئر ہدایتکار سید نور ، سنگیتا بیگم ،شان، ثنا، ریما خان،ریشم،شفقت چیمہ ،موسیٰ خان ،حیدر سلطان نے اپنے بیانات میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے فلم انڈسٹری کو درپیش مشکلات کے حوالے سے از خود بریفنگ لی ہے جس سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ کئی دہائیوں سے نظر انداز فلم انڈسٹری کو بھی حکومتی سر پرستی میسر آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ روڈ میپ کی تیاری کیلئے فلم انڈسٹری کے سینئرز کو بلایا جائے اور انہیں بھی سارے عمل میں شامل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے ذریعے ملکی تشخص، تہذیب اور ثقافت کو اجاگر کرنے میں مدد لی جا سکتی ہے اور خصوصی طو رپر فلم انڈسٹری دشمن کے پراپیگنڈے کو کائونٹر کرنے کا بہتر ین پلیٹ فارم ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت یہ تسلیم کر رہی ہے کہ فلم انڈسٹری کی زبوں حالی کی وجہ سے غیر ملکی مواد نے یہاں جگہ بنائی جس سے نوجوان نسل کی تربیت کی کوششیں بھی متاثر ہوئیں۔
تبصرے بند ہیں.