خواتین ، بچوںسے متعلق گھنائونے جرائم کیخلاف موثر قوانین بنانے میں غیر معمولی رفتار سے پیشرفت نظر آئیگی‘ مسرت چیمہ

متاثرہ خاتون کو ہر طر ح سے قانونی مددفراہم کی جائے گی ،پراسیکیوشن ٹیم بن چکی ہے ، چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ

لاہور( مانیٹر نگ ڈیسک) چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و ممبر گڈگورننس کمیٹی مسرت جمشیدچیمہ نے کہا ہے کہ حکومت خواتین اور بچوںسے زیادتی جیسے گھنائونے جرائم کے خاتمے کیلئے قوانین میں موجود سقم دورکرے گی اور اس کیلئے غیر معمولی رفتار سے پیشرفت نظر آئے گی ،موٹر وے واقعہ کے ملزمان کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا اور اس کیس میں متاثرہ خاتون کو ہر طر ح سے قانونی مددفراہم کی جائے گی جس کیلئے پراسیکیوشن ٹیم بن چکی ہے۔گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والی سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین کے وفدسے گفتگو کرتے مسرت جمشید چیمہ نے کہاکہ موٹروے واقعہ میں ملوث مجرم ہمارے معاشرے کا ناسورہیںجن سے کوئی رعایت نہیں برتے گی ۔ حکومت صرف مجرموں کی گرفتاری یا صرف اس کیس کی گتھی سلجھانے کے لئے کوشاں نہیںبلکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی اقدامات تجویز کئے جارہے ہیں جس میں پہلے سے موجودقوانین میں سقم دور کرنے سمیت نئے قوانین بھی متعارف کرائے جائیں گے اور اس جانب عملی پیشرفت شروع کردی گئی ہے ۔ مسرت جمشیدچیمہ نے کہا کہ موٹروے واقعہ پر وزیر اعظم عمران خا ن اوروزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سختی سے نوٹس لیا ہے اوراس واقعہ کے مجرمان کو شکنجے میںلانے کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال کئے گئے ہیں اور جب تک اس کیس کا قانون کے مطابق انجام نہیں ہو جاتا حکومت اس میں کوئی غفلت برتے گی اور نہ ہی کوئی کسر اٹھارکھے گی ۔

تبصرے بند ہیں.