پاک امریکا سرمایہ کاری معاہدے پر جلد دستخط ہونگے، جاوید ملک

اسلام آباد: پاکستان معیشت کی ترقی کے لیے امریکی مارکیٹ تک وسیع تر رسائی اور ٹیرف رعایتیں حاصل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ یہ بات اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور سفارتکاروں نے دوسری پاک امریکا کاروبار مواقع کانفرنس کے مواقع پر خلیج ٹائمز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت وسرمایہ کاری میں حائل ٹیرف رکاوٹیں ہٹانے کے حوالے سے اہم ایشورز پر تیزی کے ساتھ پیشرفت اور مثبت نتائج کی امید ہے۔ سیکریٹری تجارت منیر قریشی نے کہا کہ یہ اجلاس گزشتہ اکتوبر میں ہونے والی لندن کانفرنس کا تسلسل ہے جو اچھا آغاز تھا، ہم وہاں سے ہی آگے بڑھنا اور پاک امریکا تجارت کوفروغ دینا چاہتے ہیں۔ کانفرنس کے دوران پاکستان اور امریکا نے دوطرفہ تجارتی سرمایہ کاری (بی آئی ٹی) معاہدے پر نمایاں پیشرفت کی۔ سابق سفیر اور وزیراعظم نوازشریف کے مشیر جاوید ملک نے کہا کہ بی آئی ٹی پر پیشرفت حوصلہ افزا ہے اور فریقین جلد معاہدے پر دستخط کریں گے۔پاکستانی اورامریکی تاجروں کے درمیان توانائی، زراعت، تعلیم، آئی ٹی اور ٹیلی کام سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ کانفرنس سے متعلق ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا کامیاب ایونٹ ہے جس کے ذریعے باہمی مفاہمت اور مستقبل میں تعاون کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تیسری پاک امریکا بزنس مواقع کانفرنس پاکستان میں ہونے کی امید ہے تاہم اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، پاکستان نے امریکی حکومت سے جی ایس پی کی مدت میں ایک سال سے زیادہ کی توسیع کرنے پر زور دیا ہے کیونکہ فی الوقت اس کی سالانہ بنیادوں پر تجدید کی جاتی ہے، ہم پاکستانی ٹیکسٹائلز کی امریکا مارکیٹ تک موافق شرائط یا دیگر کم ترقی پذیر ممالک سے طے شرائط پر رسائی چاہتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.