وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا بین الاقوامی مذاکرات کے انعقاد پر خوشی کا اظہار

بین الافغان مذاکرات کا انعقاد افغانستان میں قیام امن کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کیا اورکرتا رہے گا،افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے عالمی برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ

دو حہ (مانیٹر نگ ڈیسک)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بین الاقوامی مذاکرات کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بین الافغان مذاکرات کا انعقاد افغانستان میں قیام امن کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے، افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کیا اورکرتا رہے گا،افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے عالمی برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہفتہ کو بین الافغان مذاکرات کی افتتاحی تقریب دوحہ میں ہوئی جس میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ قطر کی خصوصی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے ،پاکستان کی طرف سے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق دوحہ اجلاس میں شریک تھے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بین الافغان مذاکرات کا انعقاد، افغانستان میں قیام امن کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا موقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ افغان مسئلے کا حل طاقت کے ذریعے ممکن نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ خوش آئند بات یہ ہے کہ آج دنیا پاکستان کے موقف کو تسلیم کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ افغان قیادت کیلئے یہ ایک نادر موقع ہے کہ وہ ان مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں مستقل اور دیرپا قیام امن کی راہ ہموار کریں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے، افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کیا اورکرتا رہے گا ۔ انہوںنے کہاکہ افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے عالمی برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دوہرایا جائے اور افغانستان میں قیام امن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں ان شر پسند عناصر پر بھی نظر رکھنا ہو گی جو افغان امن عمل کو ناکام بنانے کے درپے ہیں

تبصرے بند ہیں.