لاہور( مانیٹر نگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری محمد آصف باجوہ نے ملاقات کی جس میں ہاکی کے کھیل کی بہتری اور فروغ کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے، ماضی میں قومی ٹیم نے شاندار فتوحات سے ملک کانام روش کیا،ہاکی کے کھیل کے زوال پذیر ہونے کے باجود بھی پاکستانی عوام کی اس میں دلچسپی برقرار ہے۔انہوںنے اس امید کااظہار کیاکہ جلد ہی پاکستان ہاکی کے میدان میں کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گا ۔انہوںنے کہاکہ ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے اسے سکولوں کی سطح پر لے جانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ، قومی کھیل کی بہتری کیلئے عوام اور کارپوریٹ سیکٹر کو حکومت کا ساتھ دینا ہو گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے ہاکی کے کھیل کی بہتری کے لئے اقدامات کی یقین دہانی پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریگی ،ہاکی کے سنہری دور کو واپس لانے کیلئے سب اپنا کردار ادا کریںگے ۔
تبصرے بند ہیں.