لاہور(یواین پی) کوچ بنتے ہی محمد یوسف نے ڈپلومیسی سیکھ لی، ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ کا کہنا ہے کہ مصباح الحق پر تنقید ماضی بن چکی۔نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ مقرر ہونے والے محمد یوسف کا شمار پی سی بی کے ناقدین میں ہوتا رہا ہے تاہم ملازمت ملتے ہی انھوں نے ڈپلومیسی سیکھ لی، سابق کپتان کو اب سب کچھ اچھا نظر آنے لگا ہے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ میں نے پی سی بی کے مثبت کام کرنے کی وجہ سے ذمہ داریاں سنبھالنے کا فیصلہ کیا، مصباح الحق پر تنقید کے حوالے سے باتیں ماضی کا حصہ بن چکی ہیں، ہم دونوں کو الگ الگ ذمہ داریوں کے ساتھ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔محمد یوسف نے کہا کہ پی سی بی میں اب اچھے کام ہو رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کچھ کرنا چاہتے ہیں، جب میری ان سے ملاقات ہوئی تو پھر میں نے بھی ذمہ داریاں لینے کا فیصلہ کیا، ہمیشہ اپنی دستیابی سے آگاہ کیا ہوا تھا کہ جب بھی پاکستان کرکٹ کو ضرورت ہوئی میں حاضر ہوں، کرکٹ بورڈ میں مصباح الحق، وقار یونس، یونس خان، ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد سمیت تقرریاں اچھی ہوئی ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا کہ بورڈ نے نامور کرکٹرز کو اس لیے اکٹھا کیاکہ تنقید سے بچ سکے، میں تو سمجھتا ہوں کہ ہر ادارہ اہلیت دیکھ کر تقرریاں کرتا ہے، جتنے بھی سابق کرکٹرز لیے گئے ان کی کوالیفکیشن شاندار ہے، محمد یوسف نے کہا کہ میں اب پی سی بی کا ملازم ہوں، مجھے بورڈ ٹیم کے علاوہ کہیں بھی کام کا کہے کروں گا۔سابق کپتان نے کہا کہ مجموعی طور پر انگلینڈ میں پاکستان ٹیم اچھا کھیلی، شان مسعود کی پہلی اننگز شاندار تھی وہ آہستہ آہستہ سیکھتے ہوئے میچور ہو رہے ہیں،عابد علی نے بھی حوصلہ دکھایا، دونوں مستقبل میں پاکستان کے لیے عمدہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.