کورلش عثمان واپسی کیلئے تیار، سیزن 2 کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا

کورلش عثمان مزید 5 سے 6 سال تک جاری رہیگا، یقینا یہ اپنے عہد کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک ہوگا،محمد بوزداغ

انقرہ (شوبزڈیسک)ترکی کے مشہور ڈراما سیریل کورلش عثمان کے سیزن 2 کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جو پاکستان میں بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔یہ ٹریلر کافی چونکا دینے والا ہے کیونکہ اس میں عثمان کے علاوہ جن کرداروں کو دکھایا گیا ہے وہ پہلی بار اس سیریل کا حصہ بن رہے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ ترک ثقافت کے 3 اہم جز گھوڑے، عقاب اور بھیڑیئے کو بھی ٹریلر میں نمایاں جگہ دی گئی ہے۔عثمان کے روپ میں اداکار براق اوزچیویت ایک بار اس کردار کو ادا کرنے کیلئے واپس لوٹ رہے ہیں۔ان کے علاوہ ٹریلر میں ترکی کے لیجنڈ اداکار جنید آرکین کو دکھایا گیا جن کے ہاتھ میں عقاب تھا۔جنید آرکین اس ڈرامے میں Aksakals کے سربراہ کے روپ میں نظر آئیں گے۔مگر ٹریلر میں جو کردار لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا وہ تامیر یاگت کا تھا جن کے ساتھ ایک بھیڑیا دکھایا گیا کیونکہ کسی کو اندازہ نہیں کہ وہ کیا کردار ادا کرنے والے ہیں۔درحقیقت سوشل میڈیا پر تو ایسی افواہیں ہیں کہ وہ درحقیقت ارطغرل غازی کے بڑھاپے کے روپ میں ڈرامے کا حصہ بن رہے ہیں، جس کی تصدیق کرنا ابھی ممکن نہیں کیونکہ پروڈکشن ٹیم نے اس بارے میں کھ نہیں بتایا۔ٹریلر میں جو کچھ کہا گیا اس کے مطابق ‘راز کی حقیقت معلوم ہوگئی، عشق کی آگ بھڑک اٹھی، اب سب کو آنے دو، یہ وہ وقت ہے جو راستہ کھولے گا، اب یہ اس راہ پر چلنے اور ریاست بننے کا وقت ہے’۔ٹریلر کا آغاز اس ڈرامے کا پہلی بار حصہ بننے والے امین گورسی نے کیا جن کے کردار کے بارے میں بھی کوئی تفصیلات ابھی موجود نہیں۔پہلے سیزن کا اختتام جون کے آخر میں ہوا اور جس موڑ پر اسے ختم کیا گیا، اس نے لوگوں کے اندر دوسرے سیزن کے اشتیاق کو بڑھا دیا تھا اور جب سے وہ اس کا انتظار کررہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.