ماضی کے حکمرانوںنے اپنی اورحواریوں کی ترقی کو ملکی ترقی کا پیمانہ سمجھا ہوا تھا ‘ ہمایوں اختر خان

ماضی کے بیگاڑ ڈسپرین سے ٹھیک نہیں ہو سکتے بلکہ اس کیلئے سرجری کی ضرورت ہے ‘ سینئر مرکزی رہنما

اسلام آباد( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ملک کا نظام آئین و قانون کی بجائے ان کی مرضی کے مطابق چلے جو اب نا ممکن ہے ، ماضی کی حکومتوں نے جتنے بیگاڑ پیدا کئے ہیں وہ ڈسپرین سے ٹھیک نہیں ہو سکتے بلکہ اس کیلئے سرجری کی ضرورت ہے ، ملک کا مستقبل بے لاگ احتساب سے جڑا ہوا ہے اور اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ حکومت کی سطح پر کرپشن کا ایک بھی کیس سامنے لائے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں حلقے کے سرکردہ رہنمائوں کے وفد سے ملاقات میںگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے خاندانوں کے درجنوں کاروبار ہیں جو ان کے دور اقتدار میں دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے لیکن بد قسمتی سے ملک اور اس کے ادارے تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں چلے گئے ۔ ماضی کے حکمرانوںنے اپنی اور اپنے حواریوں کی ترقی کو ملک کی ترقی کا پیمانہ سمجھا ہوا تھا جبکہ غریب دو سے ایک وقت کی روٹی پر آ گیا تھا ۔ انہوںنے کہا کہ معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں جس کا ثبوت عالمی معتبر اداروں کی رپورٹس ہیں اور خوشحالی کے اثرات بتدریج عوام کی زندگیوں میں بھی نظر آئیں گے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ بیورو کریسی کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ آئین و قانون کے تابع ہے اور اس کے تقرر و تبادلے حکومت کا اختیار ہے ،ملک اور عوام کی بہتری کیلئے حکومت آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اس حق کو ضرور استعمال کرے گی ۔

تبصرے بند ہیں.