یمنی فوج کی الجوف صوبہ کے محاذوں پر پیش قدمی،جھڑپوں میں 26جنگجوہلاک

عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے باغیوں کی چار گاڑیوں کو تباہ کر دیا، الشہلا کے محاذ پرحوثیو ں کو بدترین شکست کا سامنا

صنعاء (این این آئی )یمن میں الجوف صوبے کے شہر الحزم کے مشرق میں لڑائی کے محاذوں پر سرکاری فوج کی پیش قدمی مسلسل چوتھے روز بھی جاری رہی۔اس دوران یمنی فوج کو عوامی مزاحمت کاروں اور عرب اتحاد کے طیاروں کی معاونت حاصل رہی اورجھڑپوں میں مزید 26جنگجومارے گئے جبکہ عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حوثیوں کی چار گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔ یہ گاڑیاں باغیوں کے لیے کمک لے کر جا رہی تھیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یمنی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سرکاری فوج اور عوامی مزاحمت کاروں نے الشہلا کے محاذ پر بڑا حملہ کر کے وہاں حوثیوں کے تمام ٹھکانوں کو آزاد کرا لیااور اب آہستہ آہستہ النضود کے محاذ کی جانب پیش قدمی کی جا رہی ہے تا کہ بقیہ ٹھکانوں کو بھی کلیئر کیا جا سکے۔اس دوران حوثی ملیشیا کو بھاری جانی اور مادی نقصان اٹھانا پڑا۔ عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حوثیوں کی چار گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔ یہ گاڑیاں باغیوں کے لیے کمک لے کر جا رہی تھیں۔ یمنی فوج نے حوثی ملیشیا کے فرار ہونے والے عناصر کا اسلحہ اور عسکری ساز و سامان اپنے قبضے میں لے لیا۔واضح رہے کہ یمنی فوج نے اتوار کے روز ایک وسیع آپریشن شروع کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.