انقرہ (شوبزڈیسک)ترکی کے ڈرامے دیریلیش ارطغرل جسے پاکستان ٹیلی ویڑن (پی ٹی وی) پر ارطغرل غازی کے نام سے اردو میں ترجمہ کرکے پیش کیا جارہا ہے کے مرکزی کردار انجین التان دوزیتان نے پاکستانی برانڈ سے بطور ایمبیسڈر معاہدہ منسوخ کردیا۔چند روز قبل ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے دارالحکومت اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ کیا تھا۔اس حوالے سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری مختلف پوسٹس میں بتایا تھا کہ انجین التان دوزیتان جلد اسلام آباد میں بلیو ورلڈ میں مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ایک اور پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ انہیں پاکستان میں انجین التان دوزیتان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور جلد ان کا تاریخی استقبال ہوگا۔بعدازاں انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو میں انجین التان دوزیتان نے پاکستانی برانڈ کا ایمبیسڈر بننے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ جلد پاکستان آؤں گا۔اب ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے بلیو ورلڈ سٹی کو غیر قانونی قرار دیے جانے کی وجہ سے اپنا معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔اس حوالے سے ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈراما سیریل ’’ار طغرل غازی‘‘ کے ہیرو انجین التان دوزیتان نے بلیو ورلڈ سٹی کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.