سرفراز احمد نے انگلینڈ سے آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلنے سے انکار نہیں کیا تھا،مصباح الحق

سابق کپتان اپنے مستقبل کے حوالے سے تھوڑی تشویش کا شکار تھے،ہم نے بات کرکے انھیں مطمئن کردیا: ہیڈ کوچ

لاہور(سپو ر ٹس ڈیسک)مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد نے انگلینڈ کیخلاف آخری ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے سے انکار نہیں کیا تھا۔ پی سی بی کی ایک آڈیو کلپ میں 46 سالہ ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے کہا کہ کھیلنے سے انکار کی کوئی بات نہیں تھی،مجھے علم تھا کہ کوئی پوری سیریز کے آخر میں میچ کھیل رہا ہو تو اضافی دباو ہوتا ہے کہ 19،20 نہ ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت بابر اعظم اور یونس خان نے سرفراز سے بات کی کہ بے فکر ہوکر کھیلو،تم نے پوری سیریز میں سخت محنت کی، کم از کم آخری میچ توکھیلنا چاہیے،اس بات کا دباو نہ لو کہ پرفارمنس میں کم بیشی ہوگئی تو اس کا مستقبل پر اثر پڑے گا، آپ ہمارے پلان کا حصہ ہیں،اس کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین مطمئن اور خوش ہوکر کھیلے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دن ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے دورہ انگلینڈ کا آخری میچ کھیلنے کو تیار نہ ہونے کی وجہ سامنے آ گئی، سرفراز احمد کو دورہ انگلینڈ کے دوران خدشہ تھا کہ سیریز کا آخری میچ کھلا کر ان کے کیریئر کو ختم کیا جا رہا ہے۔سرفراز کو یونس خان نے سمجھایا اور مصباح نے یقین دہانی کرائی کہ ایک میچ میں ناکام بھی ہوئے تو بھی ٹیم کے لیے سیکنڈ وکٹ کیپر رہیں گے۔ دورہ انگلینڈ میں سرفراز احمد سے جوتے اٹھوانے والے معاملے پر بھی بہت تنقید ہوئی تھی۔کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سرفراز نے میچ کھیلنے سے انکار نہیں کیا تھا لیکن سرفراز کو تحفظات تھے، کسی بھی کھلاڑی کو اگر سیریز کا آخری میچ کھلایا جائے تو اس کو تشویش لاحق ہوتی ہےانہوں نے کہا کہ اگر سرفراز کی جگہ وہ بھی ہوتے تو انھیں بھی یہ خدشہ ہوتا۔ سرفراز کو انھوں نے، یونس خان اور کپتان بابراعظم نے سمجھایا تو سرفراز کھیلنے کے لیے راضی ہوگئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.