جموںوکشمیر کے بارے میںاو آئی سی کے رابطہ گروپ کا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنرسے ملاقات

غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا

جنیوا(مانیٹر نگ ڈیسک) جموںوکشمیر کے بارے میںاسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ میں شامل سفارتکاروں نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنر مشیل بیچلیٹ سے ملاقات کی اور انہیں غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جنیوا میںاقوام متحدہ میں پاکستانی مشن نے ٹویٹر پر کہا کہ سفارتکاروںنے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی سربراہ سے ورچوئل ملاقات کی اورمقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہارکیا۔ گروپ میں آذربائیجان ، نائجر ، سعودی عرب ، ترکی ، پاکستان اور او آئی سی جنیوا مشن کے سفارتکار شامل تھے۔پاکستانی مشن نے کہاکہ گروپ نے ہائی کمشنر بیچلیٹ پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کی نگرانی اوررپورٹنگ جاری رکھیں ۔ گروپ نے انہیں رابطہ گروپ کے وزارتی سطح کے اجلاسوں،او آئی سی کے اجلاسوں اور وزرائے خارجہ کی سطح پر ہونے والے اجلاسوںمیںجموںوکشمیر کے بارے میں منظور کی جانے والی قراردادوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر نے کہاہے کہ غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں گزشتہ سال کے دوران انسانی حقوق کی صورتحال مزید ابتر ہوئی ہے جس میںپیلٹ گن کا استعمال ، مکانوں کی تباہی ، شہریوں کی گرفتاریاں ، تشدد اورآبادی کے تناسب میں تبدیلی وغیرہ شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.