’’مشن امپوسبل 7‘‘ کا موت کو دھوکا دینے والا اسٹنٹ وائرل

ٹام کروز کی ستمبر میں پولینڈ میں آمد متوقع ہے جبکہ وہاں فلم کی شوٹنگ اگلے سال اپریل میں ہونی ہے

ممبئی (شوبزڈیسک)جب فلموں میں خطرناک اسٹنٹ خود کرنے کی بات ہو تو جن اداکاروں کا نام ذہن میں آتا ہے، ان میں سے ایک ہولی وڈ اسٹار ٹام کروز بھی ہیں جو اپنی ہر فلم میں جسمانی کرتب دکھانا پسند کرتے ہیں اور جان کو خطرے میں ڈالنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ہولی وڈ کے اس معروف اداکار ایک بار پھر مشن امپوسبل کے نئے حصے میں واپس لوٹ رہے ہیں، جس کی شوٹنگ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں کئی ماہ تک رکی رہی اور اب دوبارہ اس کا آغاز ہوا ہے۔فلم کے ڈائریکٹر کرسٹوفر مک کیری نے شوٹنگ کے آغاز کی تصدیق ایک تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے کی، جس میں ایک شخص (ممکنہ طور پر ٹام کروز) کو دکھایا گیا ہے جو پہاڑی چوٹیوں پر بنے ایک بڑے ریمپ پر کھڑا ہے۔ٹام کرور اکثر اپنی فلموں میں خطرناک اسٹنٹ کرچکے ہیں اور کئی مواقعوں پر تو ان کی زندگی بھی خطرے میں پڑگئی تھی۔اور ایسا ہی ایک اسٹنٹ اب سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص موٹرسائیکل کو ریمپ پر دوڑاتے ہوئے پہاڑی سے نیچے چھلانگ لگادیتا ہے اور پیراشوٹ کھول کر نیچے اتر جاتا ہے۔درحقیقت یہ حقیقی مشن امپوسبل انداز ہے اور مصدقہ طور پر کہنا تو کچھ نہیں کہا جاسکتا مگر ٹام کروز اس طرح کے اسٹنٹس کرنے سے گھبراتے نہیں۔مشن امپوسبل 7 کے پلاٹ کے بارے میں ابھی کچھ زیادہ علم نہیں مگر ایسا کہا جارہا ہے کہ اس میں گزشتہ حصے کی کہانی آگے بڑھائی گئی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ مشن امپوسبل کے ایک سین کو شوٹ کرنے کے دوران ناکامی پر فلم ساز کو 44 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔’مشن امپوسبل 7′ کی شوٹنگ حال ہی میں برطانیہ میں اس وقت شروع کی گئی تھی جب وہاں پر کورونا کیسز میں کمی دیکھی گئی تھی اور فلم کی ٹیم گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ایک سین کی شوٹنگ کے لیے سیٹ تیار کرنے میں مصروف تھی۔برطانوی اخبار دی سن کے مطابق ‘مشن امپوسبل 7’ کا ایک مہنگا اور خطرناک ترین سین ریاست انگلینڈ کے علاقے آکسفورڈشائر کے جنگلات میں شوٹ کیا جانا تھا، جس کے لیے فلم کی ٹیم نے 6 ہفتوں کی مسلسل محنت اور کروڑوں روپے کے اخراجات سے سیٹ تیار کیا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ سین کے لیے جنگلات میں مہنگے سامان سے ایک پل تیار کیا گیا اور وہاں پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے موٹر سائیکلوں کو پہنچایا گیا تھا۔تاہم جب فلم کی ٹیم نے مذکورہ سین کو منصوبے کے تحت شوٹ کرنا شروع کیا تو شوٹنگ کے عین درمیان اچانک موٹر سائیکل کے ٹائروں میں آگ لگ گئی اور پورا سیٹ خراب ہوگیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ موٹر سائیکل پر اسٹنٹ کرنے والے اسٹنٹ مین کو بڑی مہارت سے زخمی ہونے سے بچا لیا گیا اور جیسے ہی موٹر سائیکل میں آگ لگی تو اسٹنٹ مین کو رسیوں کی مدد سے اٹھالیا گیا اور موٹر سائیکل سیٹ سے کچھ فاصلے پر جاکر گری۔

تبصرے بند ہیں.