دبئی ، ملازمتوں کے خواہاں 150 افراد کو دھوکا دینے میں ملوث گینگ گرفتار

گینگ نے دبئی میں جعلی بھرتی ایجنسی قائم کررکھی تھی اور اس کو ایک ایشیائی شخص چلا رہا تھا،پولیس

دبئی (مانیٹر نگ ڈیسک )دبئی میں پولیس نے ملازمت کے خواہاں 150افراد کو کرونا وائرس کی وبا کے دوران میں پرکشش تن خواہوں کاجھانسا دینے میں ملوث ایک فراڈیے گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دبئی پولیس کے شعبہ تفتیش فوجداری جرائم کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر جمال سالم الجلاف نے بتایا کہ یہ گینگ جعلی ملازمتوں کے اشتہار سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتا رہا ہے۔اس کے ارکان درخواست دہندگان کو پرکشش تن خواہیں دینے کا جھانسا دیتے تھے۔جب لوگ ان اسامیوں پر درخواست دیتے تو پھر ان سے بھرتی فیس ، ٹیکسوں اور انٹرویو کا وقت طے کرانے کی مد میں رقوم اینٹھتے تھے۔دبئی پولیس کے ٹویٹر پر جاری کردہ ایک بیان کے مطابق کووِڈ198کی وبا کی سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد بے روزگار ہوچکی ہے،اس وجہ سے ملازمت کے خواہاں افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔اس تناظر میں یہ گینگ ڈیڑھ سو افراد کو فراڈ کے ذریعے لوٹنے میں کامیاب ہوگیا۔مگر دبئی پولیس نے مسلسل نگرانی کے بعد اس گینگ کا سراغ لگا لیا ۔اس نے دبئی میں جعلی بھرتی ایجنسی قائم کررکھی تھی اور اس کو ایک ایشیائی شخص چلا رہا تھا۔اس گینگ کی دھوکا دہی کا شکار ہونے والے ایک شخص نے پولیس کو اس کے بارے میں ابتدائی اطلاع دی تھی اور اس کی روشنی میں پولیس نے کارروائی کی ہے۔

تبصرے بند ہیں.