سیاست نہ کی گئی ہوتی تو آج سندھ اور کراچی کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے،میاں شہبازشریف

وفاق بتائے سندھ کیلئے اربوں روپے کے فنڈز کہاں ہیں، کراچی کی روشنیوں کو کسی صورت مدہم نہیں ہونے دینگے

کراچی (این این آئی)قائدحزب اختلاف اورپاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدرمیاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاست نہ کی گئی ہوتی تو آج سندھ اور کراچی کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے، وفاق بتائے سندھ کیلئے اربوں روپے کے فنڈز کہاں ہیں، کراچی کی روشنیوں کو کسی صورت مدہم نہیں ہونے دینگے،کراچی میں سیلاب سے تباہ کاریاں ہوئی ہیں،امیر غریب سیلاب کی تباہ کاریوں سے پریشان ہیں، شہر قائد میں بھرپور طریقے سے ترقیاتی کام ہونے چاہئیں، کراچی کو ابھی تک جتنا بنایا ہے ن لیگ نے بنایا ہے، حکومت کے جو سکینڈل ان کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدراورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمیاں شہباز شریف بدھ کی صبح دوروزہ دورے پرکراچی پہنچے،مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال اورمرکزی سیکرٹری طلاعات مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمرہ تھیں،مسلم لیگی رہنمائوں کھیل داس کوہستانی،خواجہ طارق نذیر،رانامشہود،علی اکبرگجر اور دیگرنے ان کا استقال کیا، اس موقع پر مسلم لیگی کارکنان کی ایک بڑی تعدادبھی کراچی ایئرپورٹ پر موجود تھی۔شہباز شریف نے کراچی ایئر پورٹ کے لائونج میں پارٹی رہنمائوں سے ملاقات بھی کی۔میاں شہبازشریف بارش سے متاثرہ یار محمد گوٹھ پہنچے ، جہاں انہوں نے بارش سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی بعدازاں وہ صائمہ اسکوائر گلستان جوہر گئے،جہاں انہوں نے بارشوں کے دوران دیوار گرنے سے جاں بحق خواتین وبچوں کے اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔کراچی ایئرپورٹ پرپرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں شہبازشریف نے کہاکہ میں اہلیان کراچی اور اندرون سندھ کے بہن بھائیوں سے تعزیت کیلئے آیاہوں، پورے پاکستان کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، سندھ میں تباہ شدہ گھر، سامان،، فصلوں کی تباہی پر امداد ملنی چاہیے۔شہبازشریف نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے کراچی کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے ، کراچی اوراندرون سندھ میں بسنے والے لوگوں کے ساتھ اظہارہمدردری کرنے آئے ہیں، بارشوں نے کراچی کو بہت متاثر کیا ہے، یہ میرا شہر ہے، نون لیگ کو کراچی سے پیار ہے، اس شہر کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے ، اربوں روپے کے اثاثے تباہ ہوگئے، کئی لوگ جاں بحق ہوئے ، اس وقت پورا پاکستان کراچی کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ جوگھرتباہ ہوگئے، لوگوں کے نقصان کوازالہ ہوناچاہیے، آج امیراورغریب سیلاب کی تباہ کاریوں سے پریشان ہیں ۔ جن لوگوں کے گھروں میں پانی بجلی نہیں ان کے مسائل حل کئے جائیں، جن لوگوں کے گھروں میں پانی بجلی نہیں ان کو تما م بنیادی ضروریات مہیا کی جائیں، یہ سیاست کا نہیں بلکہ کراچی کی ترقی کیلئے کام کرنے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کراچی آکرسندھ حکومت کیساتھ بیٹھیں کیوں کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ،مسائل کے حل کرنے کا ہے۔ ملک کومشکل حالات کا سامنا ہے اس لیے سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ وفاقی حکومت کو سندھ حکومت کی مشاورت سے امدادی کارروائیاں شروع کرنی چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے کہا تھا کہ کراچی کے لیے اربوں روپے کے فنڈز دیں گے، وفاقی حکومت کے کراچی کے لیے اعلان کردہ فنڈز کہاں ہیں؟162ارب روپے کا وفاق نے اعلان کیا لیکن ایک دھیلا بھی نہیں دیا، گرین لائن ،کے فورپروفاق نے کیاکیا ؟ لوگوں کے گھروں میں پانی ہے لیکن بجلی نہیں، عمران نیازی صاحب اس وقت سیاست نہ کریں، یہ سیاست کا نہیں کام کاوقت ہے۔انہوں نے خود ایک ٹوئٹ میں کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس شہر کی بہتری کیلئے مل بیٹھ کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاست دوسرے دن کا انتظار کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جن کے گھر، فصلیں اور مال مویشی تباہ و برباد ہوئے انہیں معاوضہ دیا جائے، امیر و غریب سب ہی سیلاب کی تباہ کاری سے پریشان ہیں۔

تبصرے بند ہیں.