ماسکو(مانیٹر نگ ڈیسک)نیوکلیئر ڈیل میں شامل تمام فریقوں نے امریکا کی جانب سے ایران پر عائد یکطرفہ پابندیاں مسترد کردیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا کہ ہمیں ایسی امریکی انتظامیہ سے ڈیل کرنا پڑرہا ہے جو کامن سینس تک قبول کرنے کو تیار نہیں۔جے سی پی او اے کے مشترکہ کمیشن کی ویانا میں میٹنگ ہوئی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف کا کہنا تھا کہ بیس ستمبر سے ایران پر امریکا کی جانب سے پابندیاں لگانے کا قانونی جواز ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیل پر دستخط کرنے والے دیگر ممالک چین، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور یورپی یونین کا بھی اس معاملے پر یہی موقف ہے۔ بیس اگست کو اقوام متحدہ میں پیش امریکی قرارداد کی پندرہ میں سے تیرہ اراکین نے یا تو مخالفت کی تھی یا ووٹنگ میں حصہ ہی نہیں لیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیل سے یکطرفہ طور پر2018 میں الگ ہوکر امریکا اس معاملے میں کسی بھی اقدام کا حق کھو چکا ہے۔
تبصرے بند ہیں.