پاکستانی فلم’ ’انتظار‘‘ ہارلم فلم فیسٹیول میں پیش ہوگی

فیسٹیول میں مجموعی طور پر 94 فلمیں اور ویب سیریز سمیت میوزک ویڈیوز پیش کی جائیں گی

نیویارک (شوبزڈیسک)سینئر اداکارہ، ہدایت کارہ و پروڈیوسر سکینہ سموں کی فیچر فلم ’انتظار‘ کو آئندہ ہفتے امریکا میں ہونے والے ’ہارلم انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ میں پیش کیا جائے گا۔رواں ماہ 10 سے 13 ستمبر کے درمیان امریکی ریاست نیویارک میں 15 ویں ’ہارلم انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ کا انعقاد ہوگا، جس میں دنیا کے 25 ممالک کی 94 فلمیں پیش کی جائیں گی۔’ہارلم انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ کا انعقاد رواں برس مئی میں ہونا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث اسے ستمبر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔فیسٹیول میں مجموعی طور پر 94 فلمیں اور ویب سیریز سمیت میوزک ویڈیوز پیش کی جائیں گی، جن میں سے 47 فیچر فلمیں ہیں اور ان میں پاکستانی فلم ’انتظار‘ بھی شامل ہے۔’انتظار‘ اداکارہ سکینہ سموں کی بطور ہدایت کار و پروڈیوسر پہلی فلم ہے، جس کے پہلے ٹیزر کو رواں برس فروری جب کہ دوسرے کو جولائی میں جاری کیا گیا تھا۔فلم کے پہلے ٹیزر کے ساتھ ہی فلم کو مارچ میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث فلم کو ریلیز نہیں کیا جا سکا۔دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کے باعث مارچ سے سینما ہالز بند ہیں اور تاحال سینما ہاؤسز کو نہیں کھولا جا سکا، اگرچہ حکومت نے سینماؤں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھولنے کی اجازت دے رکھی ہے، تاہم تاحال انہیں نہیں کھولا جا سکا۔

تبصرے بند ہیں.