آل پاکستان انجمن تاجران کا پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کرنے پر حکومت سے اظہار تشکر

حکومت پیٹرولیم پر ٹیکسز کی صورت میں وصول کئے جانیوالے اپنے منافع پر بھی نظر ثانی کرے‘ اشرف بھٹی

لاہور( این این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مشکل حالات میں عوام او ر تاجر مزید کسی بوجھ کے متحمل نہیں ہوسکتے تھے، حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی صورت میں وصول کئے جانے والے اپنے منافع پر نظر ثانی کر کے عوام کو ریلیف دے ۔ مرکزی صدر اشرف بھٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ معاشی سر گرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ہر شعبے کو ریلیف دینا ہوگا ۔ اگر عوام کی قوت خرید نہیں ہو گی توکسی بھی طرح کا کاروبار نہیں چل سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کرنا خوش آئند ہے ،مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی صورت میں وصول کئے جانے والے اپنے منافع پر بھی نظر ثانی کرے تاکہ عوام کو ریلیف میسر آ سکے اور ان کی قوت خرید بحال ہو سکے ۔

تبصرے بند ہیں.