یمن میں برطانوی سفیر کا حوثی باغیوں سے مارب میں غیرانسانی حملے روکنے کا مطالبہ

حوثی باغیوں کی طرف سے گورنری میں شہری آبادی پر غیرانسانی حملوں کا سلسلہ جاری ہے،مائیکل ارون

صنعاء (مانیٹر نگ ڈیسک )یمن میں متعین برطانیہ کے سفیر مائیکل ارون نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے مارب گورنری میں جاری حملے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں برطانوی سفیر کا کہنا تھا کہ مارب میں حملوں کا کوئی جواز نہیں۔ حوثی ملیشیا کو چاہیے کہ وہ مارب میں کئی ہفتوں سے جاری غیرانسانی حملے بند کرے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کے یمن کے لیے مقرر کردہ ایلچی کے ساتھ مل کر کام کرے۔برطانوی سفیر نے کہا کہ میں نے مارب کے گورنر سے بات کی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ حوثی باغیوں کی طرف سے گورنری میں شہری آبادی پر غیرانسانی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ مارب میں حوثیوں کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کرتا ہے کہ حوثیوں کی اندھا دھند جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں معصوم شہریوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ یمن میں عرب اتحاد نے مارب میں جنگ بندی کی پیشکش کی تھی مگر باغیوں نے اسے مسترد کر کے اپنی جارحانہ پالیسی اور ہٹ دھرمی کا ثبوت دیا ہے۔ادھر یمنی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے مارب کے نواحی علاقے مدغل میں جاری حملوں کے باعث کم سے کم 1580 خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.