چیئرمین ایف پی ایس سی کی مدت کاتنازع 6سال بعد نمٹادیا گیا

اسلام آ باد: سپریم کورٹ نے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کی مدت میں کمی سے متعلق تنازع 6سال بعد نمٹا دیا۔ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے چیئرمین ایف پی ایس سی کی مدت ملازمت میں کمی کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلیں خارج کردیں۔حکومت نے 2006میں آرڈنینس کے ذریعے چیئرمین ایف پی ایس سی کی مدت 5 سال سے کم کرکے 3 سال کی تھی۔اس فیصلے کو اس وقت کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) جمشید گلزار کیانی نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جبکہ ہائی کورٹ نے درخواستیں خارج کر کے آرڈنینس کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا، مختلف اوقات میں کیس کی سماعت ہوتی رہی۔منگل کو سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ چیئرمین نیب کی مدت میں کمی کے آرڈنینس کو پارلیمنٹ نے منظور کیا ہے، اب اس کو باقاعدہ قانون کی حیثیت حاصل ہے۔ خیبر پختونخوا کے وکیل نے بتایا کہ صوبائی پبلک سروس کمیشن کے چیئر مین کی مدت میں کمی کیلیے باقاعدہ قانون بنایا گیا ہے۔ عدالت نے سماعت کے بعد اپیلیں خارج کر دیں۔

تبصرے بند ہیں.