عوام کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گےسردار عثمان بزدار

مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف مقدمے درج کر کے سٹاک ضبط کیا جائے پنجاب یونیورسٹی کے قریب جدید ہسپتال بنے گا،گنگارام ہسپتال میں مد راینڈ چائلڈ ہسپتال زیر تکمیل ہے

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آٹے چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر انتظامی اقدام اٹھایا جائے۔ نرخوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور کاغذی کارروائی کی بجائے عملی کارروائی کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں جا کر قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں اور اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت یقینی بنائی جائے۔ عوام کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے مطابق مقدمے درج کر کے سٹاک ضبط کیا جائے۔ نا جائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لئے متحرک اور فعال طریقے سے کام کرنا ہو گا۔ باتیں بہت ہو چکیں،عوام کو ریلیف دینے کیلئے کام کیا جائے۔مجھے ہر صورت نتائج چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔ پرائس کنٹرول میکانزم پر عملدرآمد میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے متعدد میگا منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ ایسے منصوبے شروع کئے ہیں جن سے لاہور کے شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔ ہماری حکومت نے کبھی بھی زبانی جمع خرچ کیاہے نہ نمائشی منصوبے شروع کئے۔ لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کے قریب سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنائیںگے۔ اس ہسپتال سے لاہور کے شہریوں کو علاج معالجے کی جدید سہولتیں میسر آئیںگی۔ گنگارام ہسپتال میں 600بیڈ کا سٹیٹ آف دی آرٹ مد راینڈ چائلڈ ہسپتال زیر تکمیل ہے۔ لاہور میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے فردوس مارکیٹ انڈر پاس پراجیکٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کریں گے۔ بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے لاہور میں ملک کا سب سے بڑا انڈر گراؤنڈواٹرسٹوریج بنایا جارہاہے اور ذخیرہ کیے گئے بارش کے پانی کو آبپاشی اوردیگر مقاصد کیلئے استعمال کیا جاسکے گا۔لاہور کے حاجی کیمپ تا راوی ڈرین بننے سے نکاسی آب کے مسائل حل ہوں گے۔ لاہورسمیت پنجاب کے شہروں میں جاری ترقی منصوبوںکی پیش رفت کا خود جائزہ لیتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ترقی کاغذوں میں تھی۔ہماری حکومت کاغذی کارروائیوں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ۔ اب ترقی زمین پر نظر بھی آتی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت یکساں ترقی کے ویژن پر عمل پیرا ہے ۔ پسماندہ علاقوں اور بڑے شہروں میں عوامی ضروریات کاتعین کر کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.