عالمی برادری پاکستان کیلیے تجارت کے دروازے کھولے، ہارون اگر

کراچی: کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرمحمد ہارون اگر نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کراچی چیمبر کے اراکین اور کمپنیوں کیلیے کاروباری مواقع پیدا کرنے کیلیے انکی رجسٹریشن کو ممکن بنانے کیلیے مثبت اقدامات کرے۔ اقوام متحدہ کے پروکیورمینٹ ڈویژن اور کراچی چیمبر کے مشترکہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پروکیورمینٹ ادارے سے پاکستانی کمپنیوں کی تجارت اپنے پوٹینشل سے بہت کم ہے اور اس سلسلے میں پاکستانی کمپنیوں کی رجسٹریشن اور مربوط کوششوں سے تجارت کو کئی گنا فروغ دیا جا سکتا ہے، پاکستانی کمپنیوں کو بالخصوص افغانستان میں جاری اقوام متحدہ کے تعمیرنو کے پروگرام اور سیاسی ومعاشی منصوبوں میں نمایاں حصہ ملنا چاہیے، بین الاقوامی تجارت میں پاکستان کا حصہ بڑھانے کے لیے دنیا بھر میں خصوصی اقدامات نہایت ضروری ہیں کیونکہ پاکستان نہ صرف اقوام متحدہ کا فعال رکن ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں اس کی قربانیاں اور کاوشیں بھی بے مثال ہیں۔ پاکستان کو اس جنگ میں موثر کردار ادا کرنے کی بھاری قیمت چکانی پڑرہی ہے اس لیے اقوام متحدہ اور مغربی ممالک کو پاکستان کے ساتھ خصوصی ترجیحی برتاؤ کر کے اس کیلیے تجارت کے دروازے کھولنے چاہیں تاکہ اسکی معیشت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لینے کی وجہ سے ہونے والے بے پناہ نقصانات کا ازالہ ممکن ہو سکے، پاکستان کو مغربی اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کی مارکیٹ تک رسائی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ اسکی قومی پیداوار اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو سکے۔ انھوں نے اقوام متحدہ کے پروکیورمنٹ ڈویژن کے ڈائریکٹر دمیتری ڈووگوپولی کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شاندار کردار اور خدمات سے آگاہ کیا جو وہ کراچی کی کاروباری برادری اور ملکی تجارت کے فروغ کیلیے سرانجام دے رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.