پاکستان میں کورونا سے 1067 جاں بحق ، 50 ہزار 694 متاثر

اسلام آباد (ہیلتھ رپورٹر)کورونا وبا جس نے دنیا بھر کے لاکھوں افراد و متاثر و ہلاک کردیا ہے وہ پاکستان میں بھی اپنے پنجے گاڑھ رہی ہے اور اب تک یہاں 50 ہزار 694 لوگ متاثر جبکہ 1067 لوگ انتقال کرچکے ہیں، ملک میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور اب تک تقریباً 3 ماہ کا عرصہ گزرچکا ہے۔ابتدائی طور پر یعنی فروری کے آخری دنوں اور مارچ کے مہینے میں پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی تھی اور یہ ایک ماہ سے زائد کے عرصے میں 2000 کے لگ بھگ تھے جبکہ اموات 26 تک پہنچی تھیں، اپریل کے مہینے میں وائرس کے کیسز آہستہ آہستہ بڑھنے شروع ہوئے اور 30 اپریل تک ملک میں کیسز 2 ہزار سے بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے زائد تک پہنچ گئے جبکہ اموات بھی 385 تک ہوگئیں۔تاہم رواں ماہ مئی اس وائرس کے حساب سے ملک میں اب تک سب سے خطرناک رہا ہے اور گزشتہ 21 روز میں پاکستان میں 32 ہزار سے زائد کیسز اور 667 اموات کا اضافہ ہوا جو تشویش کا باعث ہے، یہی نہیں بلکہ حکام کی جانب سے یہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ملک میں لاک ڈاو¿ن ہٹانے کی وجہ سے آئندہ ہفتے یومیہ کیسز میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وبا کا پہلا کیس سامنے آنے کے ساتھ ہی مختلف پابندیاں لگائی گئی تھیں جو بعد ازاں لاک ڈاو¿ن میں تبدیل کردی گئی تھی اور ملک بھر میں کہیں مکمل تو کہیں جزوی لاک ڈاو¿ن کا یہ سلسلہ 8 مئی تک جاری رہا تھا جس کے بعد 9 مئی سے وزیراعظم نے اس لاک ڈاو¿ن میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کردیا تھا، علاوہ ازیں آج (22 مئی) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 73 نئے کیسز اور 13 اموات سامنے آگئیں، آج صبح سامنے آنے والے گزشتہ شب رات 9 بجے تک کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں 5 ہزار 931 نئے ٹیسٹ کیے گئے جس میں ایک ہزار 73 کے نتائج مثبت آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 18 ہزار 455 ہوگئی، اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 13 اموات بھی ہوئیں جس کے بعد یہ تعداد 310 تک پہنچ گئی، مزید برآں صوبے میں 5 ہزار 330 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 60 کی حالت تشویش ناک ہے۔اسلام آباد جو وائرس سے کم متاثر علاقوں میں شامل تھا اب وہاں بھی کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 91 نئے کیسز اور 2 اموات سامنے آئیں، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 1235 سے بڑھ کر 1326 ہوگئی جبکہ اموات بھی 10 سے بڑھ کر 12 تک پہنچ گئیں۔دوسری جانب گلگت بلتستان میں اس وبا سے تیزی سے متاثر ہورہا ہے اور وہاں کیسز کی شرح ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے، اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وبا نے مزید 23 افراد کو متاثر کیا، علاقے میں ان نئے متاثرین کے اضافے کے بعد اب تک مجموعی متاثرین کی تعداد 602 ہوگئی۔ادھر ملک میں اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا کے 10 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی، یہاں یہ واضح رہے کہ آزاد کشمیر اب تک ملک کا سب سے کم متاثرہ علاقہ ہے اور یہاں کیسز اور اموات ملک کے دیگر علاقوں کے مقابلے کافی کم ہیں، آزاد کشمیر میں آنے والے ان 10 نئے کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 158 ہوگئی ہے۔تاہم ان نئے کیسز اور اموات کے باوجود قرنطینہ اور ہسپتالوں میں موجود دیگر مریضوں کے لیے جو چیز حوصلہ افزا ہے وہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے، پاکستان میں اگرچہ مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی لیکن اس وبا سے یومیہ سیکڑوں کی تعداد میں لوگ صحت مند بھی ہورہے ہیں، آج کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید ایک ہزار 46 لوگ صحتیاب ہوئے جس کے بعد یہاں اب تک وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 15 ہزار 201 ہوگی ہے ۔ علاوہ ازیں اگر ملک میں مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو اب تک 49 ہزار 621 لوگ متاثر ہوئے جس میں سے 1054 انتقال کرگئے جبکہ 15 ہزار 201 صحتیاب ہوگئے تو اس طرح 33 ہزار 366 فعال کیسز موجود ہیں، سندھ میں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 924 ہے جبکہ پنجاب میں 17 ہزار 382 لوگ متاثر ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 155 جبکہ بلوچستان میں 3 ہزار 74 لوگوں کو یہ وائرس اپنا شکار کرچکا ہے، اسلام آباد میں یہ تعداد 1326 ہے جبکہ گلگت میں 602 اور آزاد کشمیر میں 158 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے، خیبرپختونخوا: 365، سندھ: 336
، پنجاب: 310، بلوچستان: 39، اسلام آباد: 12، گلگت بلتستان: 04اور آزاد کشمیرمیں1 مریض جاں بحق ہوا ۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی، تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 50 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی، تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1000 سے تجاوز کرگئی۔

تبصرے بند ہیں.