لندن (فارن ڈیسک)برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد فرانس اور اسپین سے بھی زیادہ ہو گئی جب کہ امریکا میں عالمگیر وبا سے اموات کی تعداد 61 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 64 ہزار 572 ہو گئی ہے جب کہ نئی اموات سامنے آنے کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 61 ہزار 669 ہو گئی ہے۔اٹلی میں وبا سے ہلاک افراد کی تعداد 27 ہزار 682 ہو گئی ہے جب کہ برطانیہ اب دنیا میں زیادہ ہلاکتوں کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر آ گیا ہے جہاں اموات کی مجموعی تعداد 26 ہزار 97 ہو گئی ہے۔سپین میں اب تک کورونا سے 24 ہزار 275 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ فرانس میں یہ تعداد 24 ہزار 87 ہے۔ترکی میں بھی کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، کینیڈا میں اموات کی تعداد بھی 3 ہزار تک پہنچ چکی ہیں، جرمنی میں 6 ہزار 467، ایران میں 5 ہزار 957 اور برازیل میں 5 ہزار 513 افراد اب تک لقمہ اجل بن چکے ہیں، بیلجیم میں بھی ساڑھے 7 ہزار افراد جب کہ نیدرلینڈ میں 4 ہزار 711 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ جنوبی کوریا میں 4 نئے کورونا کیسز ریکارڈ کیے گئے جو سارے امپورٹڈ تھے، جنوبی کوریا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک نئی ہلاکت رپورٹ ہوئی جس کے بعد وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 247 ہو گئی ہے، جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے نے ملک میں 6 مئی تک لگنے والی ایمرجنسی کومزید ایک ماہ کے لیے بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے، جاپان میں مئی کے پورے مہینے سکول بند رکھے جائیں گے جب کہ مئی کے پہلے ہفتے میں جاپان میں ہر فرد میں ایک لاکھ ین کی تقسیم شروع ہو جائے گی، جاپان میں اس وقت کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13929 ہے جب کہ 415 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 32 لاکھ 21 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جس میں سے 2 لاکھ 28 ہزار 252 افراد ہلاک جب کہ 10 لاکھ 5 ہزار 79 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.