معاشی سرگرمیو ں کے لئے سرمایہ کاردوست اورنتیجہ خیز پالیسیاں بنانا ہوں گی، شہباز شریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب اورپاکستان کو معاشی سرگرمیو ں کا مرکز بنانے کیلئے سرمایہ کار دوست اور نتیجہ خیز پالیسیاں بنانا ہوں گی ۔ ایوان وزیراعلی میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے مختلف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سرمایہ کاری کے فروغ ، معاشی استحکام ،توانائی کے بحران کے خاتمے اور صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا ، اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان ، صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید ، صوبائی وزیر صنعت چوہدری شفیق احمد، معاونین خصوصی، مشیران، اراکین اسمبلی اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ چیف ایگزیکٹیو افسران کی سود مند تجاویز کی روشنی میں سرمایہ کاری ،معاشی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دے کر ملکی معیشت کومضبوط بنایا جاسکتا ہے جبکہ پنجاب حکومت صوبے میں سرمایہ کاری اور صنعتی عمل کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ مختلف صنعتوں اورپروفیشنز کے چیف ایگزیکٹو افسران کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کے حل کے لئے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی اور مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کروں گا ، وزیراعلی نے مختلف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو افسران اور سرکاری حکام کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ، کمیٹی 2ہفتوں میں توانائی کے بحران کے خاتمے ، معاشی وتجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے سفارشات پیش کرے گی ، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ایسی جامع اورٹھوس پالیسی تشکیل دی جائے گی جس سے صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، سی ای اوز نے کہا کہ پنجاب حکومت کے سرمایہ کاری اور صنعتی عمل کوفروغ دینے کے حوالے سے اقدامات لائق تحسین ہیں

تبصرے بند ہیں.