اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)صددر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے بزنس ٹائیکون اور انڈس موٹرز کمپنی لمیٹڈ (آئی ایم سی) کے چیئرمین علی سلیمان حبیب کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے، علی سلیمان حبیب 64 سال کی عمر میں گزشتہ روز کراچی میں انتقال کرگئے تھے، ان کی موت کی تصدیق حبیب یونیورسٹی نے کی جہاں وہ بورڈ آف گورنرز کے رکن تھے، تاہم ان کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹوئٹ میں سلیمان حیب کے لیے دعائے مغفرت کی، وزیر اعظم عمران خان نے علی سلیمان حیب کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’اچھا دوست‘ اور ’قابل اعتبار بزنس مین‘ قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ’وہ شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے بورڈ کے رکن اور وزارتِ تجارت میں اعزازی طور پر ہماری حکومت کا ہاتھ بٹا رہے تھے‘۔واضح رہے کہ آئی ایم سی اور جاپان کی ٹویوٹا سوشو کارپوریشن مشترکہ طورپر پاکستان میں ٹویوٹا برانڈ گاڑیاں تیار اور اس کی مارکیٹ کرتی ہیں۔حبیب یونیورسٹی کے مطابق ممتاز تاجر 15 ہزار سے زائد ملازمین اور ہاو¿س آف حبیب کے امور کی نگرانی کرتے تھے اور گروپ میں 4 کمپنیاں رجسٹرڈ تھیں، علی سلیمان حبیب ینگ پریذیڈنٹس آرگنائزیشن، پاکستان چیپٹر کے بانی چیئرمین اور پاکستان بزنس کونسل کے سابق چیئرمین تھے۔انہوں نے شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز اور تھل لمیٹڈ، شبیر ٹائلس اینڈ سیرامکس لمیٹڈ، حبیب میٹرو پولیٹن بینک لمیٹڈ اور میٹرو حبیب کیش اینڈ کیری پاکستان (پرائیوٹ) لمیٹڈ کے بورڈ آف گورنرز کے ممبر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔آئی ایم سی کی ویب سائٹ کے مطابق وہ منیسوٹا یونیورسٹی سے مکینیکل انجینئرنگ میں گریجویٹ تھے اور ہارورڈ یونیورسٹی میں پی ایم ڈی پروگرام میں شریک ہوئے تھے۔دیگر سیاست دانوں اور تاجر برادری کے اراکین نے بھی علی سلیمان حبیب کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے معروف کاروباری شخصیت اور صنعتکار سلیمان حبیب کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا گیا۔
تبصرے بند ہیں.