چیمپئنز ٹرافی کے سیکیورٹی انتظامات کی قلعی کھل گئی

کارڈف: دوسرے سیمی فائنل میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات سے چیمپئنز ٹرافی کے سیکیورٹی انتظامات کی قلعی کھل گئی۔ دونوں اننگز کے درمیان تامل باشندوں نے میدان میں داخل ہو کر احتجاج کیا جس پر پلیئرز خوفزدہ نظر آئے، میچ ختم ہونے پر سیکڑوں افراد نے سری لنکن ٹیم کی بس کو بھی روک لیا جس پولیس نے بحفاظت وہاں سے نکالا، حیران کن طور پر سیکیورٹی کا انتظام جی فور ایس نامی فرم کو سونپا گیا جسے پہلے ہی لندن اولمپکس کے معاملات پر تنازعات کا سامنا ہے۔ تامل مظاہرین نے صوفیہ گارڈن پر 2 مرتبہ دھاوا بولا، آئی لینڈرز کی اننگز کے آخری اوور میں 2 افراد پچ تک پہنچ گئے، دوسری بار بھارتی بیٹنگ کے دوران ایسا واقعہ پیش آیا، اس وقت کم از کم 6 مظاہرین میدان میں دوڑ رہے تھے، انھوں نے تامل ایلام کے جھنڈے اور صدر راجاپک سے کیخلاف عبارت کے حامل کاغذ لہرائے،خوش قسمتی سے ان افراد نے کسی کھلاڑی کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا، انھیں سیکیورٹی اہلکار پکڑ کر باہر لے گئے۔قبل ازیں اسی قسم کا ایک مظاہرہ لندن میں بھی ہوا تھا جہاں سری لنکا نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف گروپ میچز کھیلے،میچ کے بعد سیکڑوں تامل افراد نے سری لنکن ٹیم کی بس کو روکے رکھا، وہ حکومت کیخلاف نعرے لگا رہے تھے، انھوں نے پلیئرز پر بھی خفگی کا اظہار کیا۔ ایک سیکیورٹی گارڈ کا کہنا تھا کہ مظاہرین بھارتی شائقین کی شکل میں میدان میں داخل ہوئے، ان کا پتہ لگنا مشکل تھا۔ دریں اثنا سری لنکن کپتان اینجیلو میتھیوز کا کہنا ہے کہ مجھے مظاہرین کے پچ پر آنے سے کوئی پریشانی نہیں ہوئی ، البتہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ بدقسمتی ہے کہ اوول کے بعد یہاں بھی اس قسم کا واقعہ درپیش آیا۔

تبصرے بند ہیں.