رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی کے قتل پر ایم کیو ایم کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ نے رکن صوبائی اسمبلی ساجد حسین قریشی اور ان کے ان کے بیٹے کے قتل کے خلاف 3 روزہ سوگ اور کل سندھ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ اور کاروباری مراکز بند رکھنے کی اپیل کی ہے ۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رکن صوبائی اسمبلی کے قتل کے خلاف 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کل تاجروں اور ٹرانسپوٹروں سے اپیل کی ہے کہ کہ وہ اپنا کاروبار زندگی معطل کرکے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں جاں بحق ساجد حسین قریشی کے اہل خانہ اور ایم کیو ایم سے اظہار یکجہتی کرکے اپنا اتحاد ثابت کردیں۔ ساجد قریشی کے قتل کی خبر پورے صوبے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد کراچی سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں کاروباری مراکز،دکانیں،پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹینشنز بند ہونا شروع ہوگئے،مقتول رکن سندھ اسمبلی کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہرجناح گراؤنڈ عزیزآباد میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں شہدائے قبرستان یاسین آباد میں سپردخاک کردیا جائے گا۔ واضح رہےکہ نارتھ ناظم آباد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر نکلنے والے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ساجد حسین قریشی اور ان کے صاحبزادے وقار قریشی کو گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.