سلمان شہباز اشتہاری قرار، جائیداد ضبط کرنے کا حکم

لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔احتساب عدالت لاہور کے جج چوہدری امیر محمد خان نے نیب کی درخواست پر سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں اور ان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔اس سے قبل عدالت میں نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ اعوان نے بتایا کہ سلمان شہباز کو متعدد بار چوہدری شوگر ملز، منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا مگر وہ حاضر نہیں ہوئے اور بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو بھی ضبط کیا جائے۔حافظ اسداللہ اعوان نے بتایا کہ سلمان شہباز کو اشتہاری قراردینے کے لیے ان کی رہائشگاہ پر اشتہاربھی چسپاں کیے گئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.