محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 72 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہوسکتی ہے، تمام متعلقہ محکمے تیار رہیں۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے نئے الرٹ کے تحت اگلے 72گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
نئے الرٹ کے مطابق صوبے کے دریاؤں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی ایڈوائزری کے مطابق خلیج بنگال سے آنے والے ہوا کے کم دباؤ نے راجستھان کے شمال مشرق میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، یہ سسٹم پنجاب کے بالائی حصوں کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔خلیجِ بنگال کی مون سون ہوائیں مغربی ہواؤں سے بھی ٹکرا سکتی ہیں، مشرقی اور مغربی ہواؤں کے ٹکراؤ سے دریائے ستلج، بیاس، راوی، چناب اور دریائے جہلم میں سیلاب آسکتا ہے۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے ستلج اور راوی میں پانی کے بہاؤ کا انحصار بھارت کے پانی چھوڑنے پر ہو گا، لیکن بھارت نے فلڈ ڈیٹا شیئر نہیں کیا، ہو سکتا ہے بھارت کے آبی ذخائر انتہائی سطح پر ہوں۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ناگہانی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
تبصرے بند ہیں.