مقبوضہ کشمیرکی حیثیت یکطرفہ بدلنے کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس پاکستانی وقت کے مطابق آج شام سات بجے ہوگا۔ سلامتی کونسل کے صدر کےترجمان نے اجلاس کی تصدیق کردی۔مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے تحریر کردہ خط کے بعد بلایا گیا ہے۔ اجلاس میں صرف سلامتی کونسل کے ارکان شریک ہوں گے۔ جب کہ پاکستان اور بھارت کونسل کے رکن نہ ہونے کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔بند کمرے میں ہونے والے اجلاس میں جموں کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خط کا بھی جائزہ لیاجائے گا۔شاہ محمود قریشی کا سلامتی کونسل میں ہونے والے اجلاس کے حوالے سے کہنا ہے، دیکھنا یہ ہے کہ سلامتی کونسل اپنی ذمے داری کیسے ادا کرتی ہے۔ جب کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے پُرامید ہیں سلامتی کونسل کشمیر کے مظلوم عوام کی مشکلات کا حل نکال لے گی۔واضح رہے کہ 5 دہائیوں میں پہلی بار مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر آیا ہے۔ اس سے قبل سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر آخری بار 1971 میں زیر بحث آیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.