ملک بھر میں نماز عیدالضحٰی کے اجتماعات، آزادیِ کشمیر کیلئےخصوصی دعائیں

وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، صدر مملکت اور وزیراعظم نے اسلام آباد، گورنر وزیراعلی پنجاب نے لاہور کی بادشاہی مسجد میں نماز ادا کی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ماڈل ٹاون لاہور، بلاول اور شاہ محمود قریشی نے کشمیری بھائیوں‌سے اظہار یک جہتی کیلئے مظفر آباد میں‌ نماز عید پڑھی.تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آج عیدالاضحی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ حکومت نے بڑی عید کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجتی کیلئے سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ قوم نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملکی سلامتی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیر کی آزادی کیلئے بھی خصوصی دعائیں کیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فیصل مسجد اور وزیراعظم عمران خان نے بنی گالا میں نماز عید ادا کی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کوئٹہ اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی فیصل مسجد میں عید پڑھی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ماڈل ٹاؤن لاہور اور گورنر و وزیراعلیٰ پنجاب نے بادشاہی مسجد میں عید کی نماز ادا کی۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے نماز عید پڑھنے کے بعد پودا بھی لگایا، اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور بھی ان کے ہمراہ تھے۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی، خورشید شاہ سکھر، خواجہ آصف سیالکوٹ، سراج الحق نے لاہور اور دیگر سیاسی رہنماوں نے اپنے آبائی علاقوں میں نماز عید ادا کی۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے عید مظفر آباد میں پڑھی۔ شاہ محمود قریشی نے نماز عید کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہر فرد مسئلہ کشمیر پر یک زبان ہے۔ یہ معاملہ ہر قسم کی سیاست سے بالاتر اور اس معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کا موقف بھی ایک ہے۔وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ بھارت نے 5 اگست کو یکطرفہ کارروائی کی، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے، معاملے پر یکسوئی سے آگے بڑھ رہے ہیں، پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، بھارتی حکومت مقبوضہ وادی سے کرفیو اٹھائے اور کشمیریوں کو مذہبی آزادی کے تحت عیدالاضحیٰ منانے کی اجازت دے۔

تبصرے بند ہیں.