بھارت نے اقوام متحدہ کے وعدے کی خلاف ورزی کی: وزیر خارجہ شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر کو دوبارہ زندہ کر دیا، بھارت ترامیم سے کشمیریوں کی رائے نہیں بدل سکتا۔ صدارتی حکم نامے کے ذریعے نیا کالا قانون لا کر بھارت نے اقوام متحدہ کے وعدے کی خلاف ورزی کی۔وزیرخارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ثالثی کی پیشکش کی تھی جسے بھارت نے تسلیم نہیں کیا۔ ہمسایہ ملک مذاکرات کی بجائے بہت خطرناک کھیل کھیل رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے سیاسی رہنماوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، وادی میں کرفیو نافذ کر کے بھارتی حکومت سمجھتی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو دبا لے گی تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارت خون خرابے پر تلا ہوا ہے، آج کے بھارتی منفی اقدام کے اثرات لداخ اور آزادکشمیر میں بھی دکھائی دیں گے۔ بھارت اس طرح کی ترامیم سے کشمیریوں کے دل نہیں بدل سکتا۔ دنیا بھرکے کشمیری نام نہاد ترمیم سے اضطراب کی کیفیت میں ہیں۔ جس کا کچھ دنوں سے خدشہ تھا آج بھارت نے وہ حرکت کر دی۔

تبصرے بند ہیں.