اپوزیشن کے احتجاج کا مقصد احتساب سے بچنا ہے ‘فواد حسین

فواد حسین نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کے احتجاج کا مقصد اپنے دورِ اقتدار میں کی گئی بدعنوانیوں کے احتساب سے راہِ فرار اختیار کرناہے۔وزیرِ سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ احتجاج کرنا ہر ایک کا آئینی حق ہے لیکن بدعنوانی کے معاملات سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنا نہیں ہونا چاہئے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں کو بدعنوانی کے انہی مقدمات کا سامنا ہے جو انہوں نے حکومت میں رہتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف درج کروائے ان کے لیے صرف یہی واحد راستہ ہے کہ وہ قومی احتساب بیورو (نیب) سے پلی بارگین کر لیں ۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی کابینہ کے ارکان نے حکومتی اخراجات کو کم کرنے کے لیے کفایت شعاری کے اقدامات کیے ہیں، حکومت درآمدات اور برآمدات کے مابین فرق کو ختم کرنے کے لئے مختلف اقدامات کررہی ہے۔فواد چوہدری نے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سابق وزیر خزانہ معیشت کو برباد کرنے کے ذمہ دار ہیں ، جنہوں نے مصنوعی طور پر ڈالر کو روپے کے برابر برقرار رکھاہوا تھا۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہے، حکومت اپنی تمام تر توجہ لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے اقدامات پرمرکوز کیے ہوئے ہے ۔

تبصرے بند ہیں.