معیاری آل راؤنڈرز منتخب کریں، کوچ کا سلیکٹرز سے مطالبہ
کراچی: کوچ ڈیوواٹمور نے سلیکشن کمیٹی سے دورئہ ویسٹ انڈیزکیلیے ٹیم میں معیاری آل راؤنڈرزشامل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ بدھ کو لاہور میں ملاقات کے دوران انھوں نے چیمپئنز ٹرافی میں شکست کی ذمہ داری بیٹنگ لائن پر عائد کی، چیف سلیکٹر اقبال قاسم اس موقع پر موجود نہ تھے۔ دوسری جانب سلیکٹرز کو خود اپنی پوزیشنز بھی خطرے میں نظر آ رہی ہیں،انھیں ڈر ہے کہ بورڈ کے قائم مقام سربراہ نئے ارکان کا تقرر کر دینگے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ سے وطن واپسی کے بعد گذشتہ روز چیف کوچ ڈیوواٹمور نے سلیکشن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی، چیف سلیکٹر اقبال قاسم کراچی میں معمول کے میڈیکل ٹیسٹ ہونے کی وجہ سے شریک نہ ہوئے، ذرائع نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی کے تینوں میچز ہارنے والی ٹیم کے کوچ نے اب آل راؤنڈرز کی شمولیت کا مطالبہ کیا ہے، وہ ویسٹ انڈیز میں کئی ایسے پلیئرز چاہتے ہیں جو بیٹنگ اور بولنگ میں یکساں مہارت رکھتے ہوں۔ واٹمور غیرمعیاری کارکردگی کی وجوہات بیان کرنے میں خود مشکلات کا شکار نظر آئے اور حیرت کا اظہار کیا کہ نجانے انگلینڈ میں پلیئرز کو کیا ہو گیا تھا،ان کے مطابق بیٹنگ لائن نے مایوس کیا اور ابتدا میں جلد وکٹیں گرنے سے دیگر بیٹسمینوں پر دباؤ بڑھ جاتا تھا۔ دوسری جانب سلیکٹرز خود اپنی پوزیشنز کے حوالے سے بھی غیریقینی کا شکار ہیں، ذرائع کے مطابق انھیں خدشہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام سربراہ اپنی مرضی کی نئی کمیٹی کا تقرر کر دیں گے،ذکا اشرف کی معطلی کے سبب اس وقت پی سی بی کے تمام معاملات ہی جمود کا شکار نظر آ رہے ہیں، سلیکشن کمیٹی نے گذشتہ روز دورئہ انگلینڈ کیلیے انڈر 19 اسکواڈ کو حتمی شکل دیدی مگرمنظوری کے لیے نئے چیئرمین کے تقرر کا انتظار ہے۔
تبصرے بند ہیں.