فٹبال ورلڈ کپ 2014 کی آفیشل ویب سائٹ ہیک

سڈنی / ریو ڈی جنیرو: برازیلین مظاہرین نے فٹبال ورلڈ کپ 2014 کی آفیشل ویب سائٹ ہیک کرکے اس پر ایک پُرامن مظاہرے کے جواب میں پولیس درندگی کی ویڈیو چلا دی ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیاکہ ویڈیو میں مظاہرین کو ’نو وائیولینس‘ کے نعرے لگاتے ہوئے دکھایا گیا، بعد ازاں فیفا نے ویب سائٹ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا۔ دریں اثنا فیفا نے ورلڈکپ میزبان ملک برازیل میں مظاہروں کے جلد اختتام کی امید ظاہر کی ہے، صدر سیپ بلاٹر میگا ایونٹ اور کنفیڈریشنز کپ کو اس کی وجہ نہیں مانتے، انھوں نے کہا کہ برازیل کو اپنی آزادی پر فخر ہے، شائد وہاں کے عوام ناخوش ہیں لیکن فٹبال انھیں آپس میں ملانے، تفرقات دور کرنے، خوشیاں لانے اور امید کی مظہر ہے۔یاد رہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے پر گذشتہ ہفتے شروع ہونے والے مظاہروں نے پورے ملک میں آگ لگا دی، عوام بدانتظامی اور کرپشن کے خلاف ریلیاں نکال رہے ہیں،حصہ لینے والے بہت سے افراد حکومت کی طرف سے عوامی ضروریات زندگی کی سہولتوں اسپتال، اسکول اور ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر بنانے کی جگہ آئندہ برس کے ورلڈ کپ کیلیے فٹبال اسٹیڈیمز پر خرچ ہونے والے اربوں ڈالرز پر غم و غصہ کا اظہار کررہے ہیں۔ بلاٹر نے کہاکہ برازیل نے ہم سے ورلڈ کپ کا میزبان بننے کی درخواست کی تھی، ہم نے اس پر ایونٹ مسلط نہیں کیا، ہمیں اسٹیڈیمز کی تعمیر کرنا تھی لیکن ایک ورلڈ کپ کیلیے صرف یہی ضروری چیز نہیں، اس کیلیے شاہراہیں، ہوٹلز، ایئر پورٹس اور کئی دیگر چیزوں کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ 77 سالہ فیفا کے صدر نے مزید کہا کہ میں نے برازیل کے کھیلوں کے وزیر الڈو ریبیلو سے اس صورتحال پر بات چیت کی ہے، یہ معاملہ برازیلین اور اہم ریجنز کی حکومتوں سے تعلق رکھتا ہے، انھیں اسے حل کرنا چاہیے، ہم صرف خوبصورت اسٹیڈیمز میں بہترین فٹبال کا اہتمام کرسکتے ہیں تاکہ لوگ اس سے محظوظ ہوسکیں، میں حکومت کے کسی منصوبے کے بارے میں نہیں جانتا البتہ مجھے یقین ہے کہ مظاہروں سے کنفیڈریشنز کپ متاثر نہیں ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.