متحدہ قومی موومنٹ کے بانیٔ الطاف حسین کو لندن میں گرفتار کر لیا گیا اسکاٹ لینڈ یارڈ نے صبح سویرے بانیٔ ایم کیوایم الطاف حسین کے گھر پر چھاپہ مارا جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے مقامی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ شمالی لندن میں بانی ایم کیو ایم کی رہائش گاہ پر چھاپے میں 15پولیس افسروں نے حصہ لیا۔بانیٔ ایم کیو ایم کی گرفتاری ممکنہ طور پر 2016ء کی نفرت انگیز تقریر پر کی گئی ہے۔ ایم کیو ایم کے ذرائع نے بھی الطاف حسین کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے ان کے گھر کی تلاشی لی جا رہی ہےجبکہ گھر میں موجود ملازمین اور عملے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔اسکاٹ لینڈ یارڈ کی کوشش ہے کہ بانیٔ ایم کیو ایم کی جانب سے کی گئی نفرت انگیز تقاریر اور ان سے متعلق مواد اس تلاشی کے دوران برآمد کیا جائے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے پاکستان کی حکومت کو اس حوالے سے پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا جبکہ الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد بھی پاکستانی حکام کو آگاہ کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے اس بات کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم لندن میں بانی ایم کیو ایم سے تفتیش کرے گی۔
تبصرے بند ہیں.