عیدالفطر کے دوسرے روز بھی نوازشریف سے اہل خانہ کی ملاقات نہیں ہوسکی

عیدالفطر کے دوسرے روز ملاقات کا ہفتہ وار دن ہونے کے باوجود سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کے خاندان یا کسی پارٹی رہنما کی ملاقات نہیں ہوسکی۔کوت لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف سے ہفتہ وار ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مقرر ہے لیکن اس کے باوجود عید کے دوسرے روز وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے نواز شریف سے کسی کی بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس کے باوجود نواز شریف سے ملاقات کے لئے آنے والے رہنماؤں کے استقبال کے لئے لیگی کارکن معمول کے مطابق سینٹرل جیل کوٹ لکھپت پہنچ گئے۔لیگی کارکن اپنے ساتھ تازہ پھل اور کھانا لائے اور اسے نواز شریف کو بھجوانے کا مطالبہ کیا لیکن جیل سیکیورٹی پر تعینات عملے نے لیگی کارکنوں کو آگے جانے اور پھل جیل کے اندر بھجوانے سے منع کردیا جس پر لیگی کارکنوں اور جیل پولیس عملے میں تلخ کلامی اور تکرار بھی ہوئی۔لیگی کارکنوں کا کہنا تھا کہ جیل حکام سیکیورٹی تقاضے پورے کرلیں اور پھل نواز شریف تک پہنچائیں لیکن جیل انتظامیہ نے انہیں اجازت نہ دی جس پر لیگی کارکنان نے جیل پولیس کے خلاف جیل سکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب دھرنا بھی دیا اور جیل حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ 3 گھنٹوں سے زائد وقت پر لیگی رہنماوں کا انتظار کرنے کے بعد لیگی کارکن مایوس گھروں کو لوٹ گئے۔

تبصرے بند ہیں.