برٹش ایئر ویز کی آمد نئے پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے، فردوس عاشق

وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ برٹش ایئر ویز کی آمد دنیا کے نئے پاکستان اور اس کی حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے وہ کر دکھایا ہے جو سابقہ حکومتیں نہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ برطانوی ایئر لائن کی پروازوں کا آغاز ترقی کی جانب گامزن پاکستان کا عکاس ہے، دنیا وزیر اعظم عمران خان کے پرامن پاکستان کے بیانیے کی سچائی کوتسلیم کر رہی ہے۔فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کپتان کی قیادت میں پاکستان کی ترقی اور معاشی خوش حالی کا مقصد حاصل کر کے رہیں گے۔واضح رہے کہ برٹش ایئر ویز کی پاکستان کے لیے 11 سال بعد پروازوں کا آغاز ہو گیا ہے، جس کا پہلا طیارہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کر گیا۔پرواز میں دو سو سے زائد مسافر سوار تھے، برٹش ایئرویز نے 2008 ءمیں پاکستان کے لیے آپریشنز معطل کیے تھے۔برٹش ایئر ویز کی جانب سے جاری کیے گئے پریس ریلیز کے مطابق ہفتے میں 3 پروازیں لندن اور اسلام آباد کے درمیان چلیں گی، جن کے لیے بوئنگ 787 طیارے استعمال کیے جائیں گے۔اردو بولنے والے پاکستانیوں یا پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کی سہولت کیلئے اردو بولنے والوں کی خدمات ان پروازوں کیلئے بھی لی گئی ہیں۔برٹش ایئر ویز کے چیف کمرشل آفیسر اینڈریو بریم نے کہا ہے کہ یہ نیا روٹ شروع کرنے پر برٹش ایئر ویز کو بہت خوشی ہے۔

تبصرے بند ہیں.