حکومتی اقدامات کے مثبت اثرات، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

حکومت کے نئے اقدامات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات زبردست اتارچڑھائو کے باوجود محدود پیمانے پر تیزی برقرار رہی جب کہ تیزی کے باوجود56.61فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں لیکن حصص کی مالیت میں مزید 15 ارب 10 کروڑ 60لاکھ 8ہزار55روپے کا اضافہ ہو گیا۔اسٹاک مارکیٹ کی بحالی کے لیے اسٹیٹ انٹر پرائزفنڈ اورایکویٹی مارکیٹ اپارچیونٹی فنڈکی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی میں منظوری اور آئندہ ایک ہفتے میں دونوں فنڈز کو اسٹاک مارکیٹ میں متحرک کرنے کی خبریں کاروبار کے آغازسے ہی بازارحصص پر اثرانداز رہیں اور مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رحجان غالب رہا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 15.36 پوائنٹس کے اضافے سے 35974.79 ہو گیا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت5.66 فیصد زائد رہااور مجموعی طورپر19 کروڑ91 لاکھ 32 ہزار 870حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار325 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 119کے بھائو میں اضافہ 184کے داموں میں کمی اور22کی قیمتوں میں استحکام رہا۔جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان کا بھائو148روپے40 پیسے بڑھ کر7148 روپے 50پیسے اورکولگیات پام اولیو کا بھائو98روپے75 پیسے بڑھ کر 2973روپے75 پیسے ہو گیا جبکہ پریمیم ٹیکسٹائل کا بھائو8 روپے90پیسے کم ہوکر211روپے10پیسے اورآئی سی آئی کا بھائو 7 روپے 25یسے کم ہوکر539روپے32پیسے ہوگیا۔

تبصرے بند ہیں.