جعلی اکاؤنٹس کیس، بلاول بھٹو زرداری نیب ٹیم کے سامنے پیش

جعلی اکاؤنٹس کیس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نیب ٹیم کے سامنے پیش ہوکر واپس چلے گئے، بلاول اور ان کے ساتھ 2 گاڑیوں کو نیب دفتر جانے کی اجازت دی گئی۔ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے بلاول بھٹو سے پارک لین کمپنی سے متعلق پوچھ گچھ کی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی سے زرداری گروپ کے جوائنٹ وینچرز کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں، کراچی کے اوپل 225 منصوبے پر بھی بلاول بھٹو سے سوالات کئے گئے۔بلاول بھٹو زرداری 2 گاڑیوں کے ہمراہ نیب دفتر آئے۔ پولیس نے بلاول کے ساتھ جانے والے کارکنان کو ڈی چوک پر روک لیا جہاں پر پولیس اور کارکنان میں ہاتھا پائی ہوئی، اس موقع پر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے پکڑ دھکڑ شروع کر دی اور متعدد کارکنوں کو حراست میں لیا لیا۔ادھر آصف علی زرداری نے نیب راولپنڈی میں آج پیش ہونے سے معذرت کرلی۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے نیب کو درخواست دے دی جس کہا گیا کہ آج ہائی کورٹ میں کیس ہے، پیش نہیں ہو سکتا، عید کے بعد کی کوئی تاریخ دے دیں پیش ہو جاؤں گا، ذرائع کے مطابق نیب آصف زرداری کی درخواست پر فیصلہ کرے گا۔یاد رہے نیب کی جانب سے آصف علی زرداری کو آج طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ سندھ حکومت کے دئیے گئے غیر قانونی ٹھیکوں میں خرد برد کی گئی، اس سے آپ کے اور اہل خانہ کے ائیر ٹکٹس، نجی طیاروں کے اخراجات اور نوڈیرو ہاؤس کے اخراجات چلائے گئے، نیب تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہو کر جواب دیں۔

تبصرے بند ہیں.