پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط

چین کے نائب صدر وانگ کشان کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔چین کے نائب صدر وانگ کشان اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں ائیر پورٹ پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے ان کا استقبال کیا۔چینی نائب صدر کے اعزاز میں ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں صدر مملکت عارف علوی نے معزز مہمان کو اعلی ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازا۔وانگ کشان نے اسلام آباد میں فرینڈز آف سلک روڈ سیمینار میں بھی شرکت کی۔پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بعد ازاں چین کے نائب صدر ایوان وزیراعظم پہنچے جہاں وزیراعظم نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ پاکستان اور چین نے معاشی، تیکنیکی امور اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں تعاون کے ایم او یوز پر دستخط کیے۔پاکستان اور چین کا اسٹریٹیجک تعاون اور شراکت داری کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ، اعلامیہ جاریاعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات  میں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی وفد اور چینی نائب صدر وانگ چی شن نے چینی وفد کی قیادت کی۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعلقات کے امور، علاقائی صورتحال سمیت جنوبی ایشیا میں حالیہ واقعات پر تبادلہ خیال کیا اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔اعلامیے کے مطابق اسٹریٹیجک تعاون اور شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ دورہ چین کے دوران اہم ملاقاتیں سود مند رہیں، چین صدر شی جن کا روڈ اینڈ بیلٹ منصوبہ قابل تحسین ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ پائیدار ترقی اور خطے کے درمیان رابطوں کیلئے انتہائی موثر ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے لیے پرُعزم ہیں، اقتصادی راہداری سے زراعت، صنعتی، سماجی و معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔چینی نائب صدر وانگ چی شن کا گرمجوش استقبال اور میزبانی پر وزیر اعظم سے اظہار تشکر کیا اور پاک چین دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔چینی نائب صدر کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی اور سماجی بہبود کےلیے پُرعزم ہیں۔چینی نائب صدر نے ہمسایہ ملکوں سے تعاون اور امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابی قابل تحسین ہے۔ اعلامیے کے مطابق چینی نائب صدر وانگ چی شن اور وزیراعظم عمران خان نے مٹیاری تا لاہور 660 کے وی ٹرانسمیشن، رشکئی میں خصوصی اقتصادی زون، ہواوے ٹیکنیکل سپورٹ سینٹر اور پنجاب یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کیا۔چین کے نائب صدر گندھارا کا دورہ بھی کریں گے جہاں انہیں گندھارا کی قدیم تہذیب کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی نائب صدر چائنا کمیونسٹ پارٹی کے خارجہ امور کے کلیدی رکن ہیں، اُن کے دورے کا مقصد پاک چین اعلیٰ سطح تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھنا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ نومبر 2018 اور حالیہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں وزیراعظم کی شرکت سے اعلیٰ سطح تبادلوں میں تیزی آئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.